تازہ ترین

”پنجاب حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کے لئے وفاقی حکومت کو خط لکھے گی”

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کے لئے وفاقی حکومت کو خط لکھے گی۔

تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور ہر ضلع میں پرائس کنٹرول کی سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب پرائس ڈیش بورڈ کا افتتاح کر دیا۔

ڈیش بورڈ پر پرائس مانیٹرنگ کے لیے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اور اسٹنٹ کمشنرز کی کارکردگی کی آن لائن مانیٹرنگ شروع کردی گئی، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی سرگرمیوں کو بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے مانیٹر کیا جا سکے گا۔

حمزہ شہباز روزانہ خود بھی ڈیش بورڈ کے ذریعے پرائس کنٹرول کے لئے اضلاع کی کارکردگی کو مانیٹر کریں گے، حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی پرائس کنٹرول سے منسلک ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر متعلقہ ضلع کے افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی، ہر ضلع کے ڈپٹی کمشنر ڈیش بورڈ پر صبح 10 بجے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اپ لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے۔

حمزہ شہباز نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی شکایات درج کرانے کیلئے ٹول فری نمبر لانچ کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 3 روز  میں ٹول فری نمبر لانچ کرنے کے حوالے سے فوری ضروری اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے صوبائی وزراء، پولیٹیکل اسسٹنٹس اور سیاسی رفقاء کو فیلڈ وزٹ ہدایت کی کہ صوبائی وزراء اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو فیلڈ وزٹ کے لئے اضلاع تفویض کئے جائیں گے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول کے لئے یونین کونسل کی سطح پر فیلڈ وزٹ کئے جائیں، نچلی سطح پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے آپ سب کمر کس لیں، کمروں میں بیٹھ کر زمینی حقائق کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، عام آدمی مشکل میں ہے، ہم نے مل کر عام آدمی کو ریلیف دینا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب حکومت چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت نہ دینے کے لئے وفاقی حکومت کو باضابطہ خط لکھے گی، اچھا کام کرنے والی ملوں کے لئے سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھائیں گے، صوبہ بھر میں سستے آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری رکھنے کے لئے انتظامی افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔

وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز نے صوبہ بھر میں یوریا کھاد کی سیل کے میکانزم کو مزید موثر اور بہتر بنانے کا حکم دیا، ان کا کہنا تھا کہ مخلوق خدا کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے، ٹماٹر اور پیاز کی آنے والے دنوں میں قلت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پیشگی پلان تیار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایڈوانس لائحہ عمل مرتب کیا جائے، سیاسی رفقاء اور انتظامی افسران فیلڈ میں نکلیں گے تو حقائق سے آگاہی ہو گی، عوام تکلیف میں ہیں، مہنگائی کے ذمہ داروں کی چیخیں نکلیں مجھے پرواہ نہیں، عام آدمی کی زندگی میں آسانی لانے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button